کراکس : (ویب ڈیسک ) وینزویلا کے صدارتی انتخاب میں صدر نکولس مادورو نے تیسری مرتبہ کامیابی اپنے نام کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا کی الیکٹورل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے 80 فیصد نتائج سامنے آچکے ہیں جس میں صدر نکولس نے 51.20 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل کو 44.02 فیصد ووٹ ملے۔
دوسری جانب وینزویلا کی مرکزی اپوزیشن نے الیکشن کے نتائج کو بڑے پیمانے پر دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔
وینزویلا میں صدر نکولس کے 11 سالہ اقتدار کو ختم کرنے کے لیے اپوزیشن کی جانب سے ایڈمنڈو گونزالیز کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔
صدر نکلوس نے الیکشن نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب میں کہا کہ ان کا ایک بار پھر الیکشن میں کامیاب ہونا امن و استحکام کی فتح ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ نے الیکشن نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو الیکشن کے نتائج پر شدید تشویش ہے، یہ نتائج وینزویلا کے عوام کی امنگوں کی عکاسی نہیں کرتے۔
تاہم صدر نکولس کی حکومت کے قریبی اتحادی کیوبا نے الیکشن نتائج پر کہا ہےکہ عوام نے بتایا کہ انقلاب جیت چکا ہے۔