بنگلہ دیش کی صورتحال، برطانیہ کا اقوام متحدہ کے تحت تحقیقات کا مطالبہ

Published On 06 August,2024 12:31 pm

لندن : (ویب ڈیسک ) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بنگلہ دیش کے حالات کا اقوام متحدہ کے تحت تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی عوام اقوام متحدہ کے زیرِ قیادت مکمل اور آزاد تحقیقات کے مستحق ہیں، برطانیہ بنگلہ دیش کا پُرامن اور جمہوری مستقبل یقینی بنانے کیلئے اقدامات دیکھنا چاہتا ہے۔

ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں تمام فریقین امن کی بحالی کیلئے، تشدد اور مزید ہلاکتیں روکنے میں تعاون کریں۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھارتی اخبار  میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حسینہ واجد کو بھارتی نیشنل سکیورٹی سٹیبلشمنٹ نے جون 2023ء میں آگاہ کیا تھا کہ بنگلہ دیشی آرمی چیف کا جھکاؤ چین کی جانب ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بنگلہ دیش : طلبہ کا فوجی حکومت قبول کرنے سے انکار، عبوری حکومت کا خاکہ پیش

بھارتی اخبار کے مطابق بنگلہ دیشی آرمی چیف نے مظاہرین کو روکنے کے بجائے وزیراعظم کو الٹی میٹم دیا، خالدہ ضیاء کی رہائی سے واضح ہے کہ اسلام پسند سیاست میں آگے آئیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد ایک ماہ سے جاری عوامی احتجاج کے بعد گزشتہ روز ملک سے بھارت فرار ہوگئی تھیں جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھالتے ہی عبوری حکومت بنانے کا اعلان کردیا تھا۔