مقبوضہ بیت القدس: (ویب ڈیسک) مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں اسرائیلی پولیس کی گاڑی پر حملے کے دوران 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شہر ہیبرون میں اسرائیلی پولیس کی گاڑی فائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ ہیبرون کے علاقے عیدنا ترقومیہ جنکشن میں حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ایک گھر کو گھیرے میں لیا اور ایک فلسطینی کو فائرنگ کرنے کے شبہ میں شہید کردیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج گزشتہ ایک ہفتے سے کارروائیاں کر رہی ہے جو کئی مہینوں بعد سب سے بڑی کارروائیاں ہیں، جس کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کا خاتمہ کرنا ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں جینن سے باہر قصبے کیفر ڈین میں اسرائیلی فورسز نے دو فلسطینی بھائیوں کو شہید کردیا ہے جہاں اسرائیلی فورسز بدھ سے موجود ہیں۔