تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 41 کے قریب زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر بس ایران کے شہر بوشہر سے مشہد جا رہی تھی اور مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی۔
امدادی کاموں کے دوران 50 سے زائد مسافروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 10 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی، 6 کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا جب کہ 4 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
ہسپتال میں 41 مسافروں کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے جن میں سے 9 کی حالت تشویشناک ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جب کہ 15 سے زائد کو طبی امداد کے بعد رخصت دیدی گئی۔
مسافر بس حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تاحال بس میں موجود مسافروں کی درست تعداد کا تعین نہیں ہوسکا، تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس تیز رفتاری کے باعث الٹی۔