بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں گیس کمپلیکس پر ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی بند کر دی گئی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکام نے بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ رات کو ساڑھے 11 بجے ڈرون حملے میں خور مور گیس فیلڈ کی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا جس سے تمام پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی منقطع ہوگئی جس کے باعث شہر سلیمانیہ سمیت خطے بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خور مور گیس فیلڈ کرکُوک اور سلیمانیہ کے درمیان واقع ہے اور یہ خطے کی زیادہ تر بجلی کی فراہمی کا ذریعہ ہے، علاقائی بجلی حکام کے ترجمان عومد احمد کے مطابق حملے کے نتیجے میں 2,600 میگاواٹ بجلی کا نقصان ہوا۔
حکام نے مزید بتایا کہ خطے کے 80 فیصد پاور گرڈ میں تعطل پیدا ہوا، حکام کا کہنا ہے کہ وہ اماراتی کمپنی دانا گیس کے ساتھ مل کر حملے کی تحقیقات اور آپریشن کی بحالی پر کام کر رہے ہیں، عراق کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے مطابق حملے میں ایک بڑے سٹوریج ٹینک کو آگ لگی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کمانڈ نے کہا کہ حملے کا مقصد ملک کی سکیورٹی اور معاشی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے، جو حال ہی میں استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، کسی گروہ نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔



