امریکا نے وینزویلا میں عالمی قوانین کا احترام نہیں کیا: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

Published On 05 January,2026 10:06 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امریکا نے وینزویلا میں عالمی قوانین کا احترام نہیں کیا، وینزویلا کا مستقبل غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ امریکا کی تحویل میں ہیں، وینزویلا میں عدم استحکام پھیلنے اور خطے کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کریں، فریقین جامع مکالمہ شروع کریں تاکہ تمام طبقات مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔

انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق کسی بھی ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینا سختی سے ممنوع ہے، تاہم 3 جنوری کو ہونے والی کارروائی میں اس اصول کو نظرانداز کیا گیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور دیگر بین الاقوامی قانونی ضوابط کا احترام ناگزیر ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ مسائل کا حل جامع، پرامن اور جمہوری مکالمے کے ذریعے تلاش کریں اور قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھیں۔

انتونیو گوتریس نے واضح کیا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی اسی صورت میں برقرار رہ سکتی ہے جب تمام ممالک اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں۔

اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے ملا جلا ردِعمل سامنے آیا، جہاں بعض ریاستوں نے امریکی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے اسے عالمی امن کے لیے ایک خطرناک مثال قرار دیا۔

کچھ نیٹو ممالک نے بھی اس بات پر زور دیا کہ قانونی حدود کا احترام ضروری ہے، تاہم انہوں نے براہِ راست امریکا پر تنقید کرنے سے گریز کیا۔

اس کے علاوہ ماہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی کارروائی اقوامِ متحدہ کی منظوری کے بغیر، وینزویلا کی اجازت کے بغیر اور کسی مسلح حملے کے دفاع کے جواز کے بغیر کی گئی، اس لیے اسے غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق الزامات چاہے کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، بین الاقوامی قانون کے تحت فوجی مداخلت صرف اقوامِ متحدہ کی اجازت یا حقیقی دفاعی صورتحال میں ہی جائز ہوتی ہے، جو اس معاملے میں موجود نہیں تھی۔

واضح رہے کہ امریکا نے 3 جنوری کی نصف شب وینزویلا پر کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیند کی حالت میں گرفتار کیا۔

امریکی سپیشل فورسز کے اہلکاروں نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو ان کے بیڈ روم سے زبردستی نکالا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک بحری جہاز تک منتقل کیا۔

بعد ازاں دونوں کو بحری جہاز کے ذریعے امریکا لے جایا گیا، جہاں سے انہیں آج نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا۔

وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کے خلاف امریکا میں منشیات دہشت گردی، کوکین کی ترسیل اور امریکا کے خلاف سازش سمیت متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔