خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کو وینزویلا کے خلاف مزید کارروائی کا اختیار دے دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا اقدام کا نگریس سے مشروط کرنے کا بل 50 کے مقابلے میں 51 ووٹ سے مسترد کر دیا گیا، 3 ریپبلکن ارکان سینیٹ نے تمام ڈیموکریٹس ارکان کے ساتھ مل کر ووٹ دیا تھا۔
امریکی میڈیا نے مزید بتایا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ٹرمپ کے حق میں فیصلہ کن ووٹ ڈالا۔
واضح رہے کہ روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ امریکہ کی وینزویلا میں کارروائی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور واشنگٹن اپنے ہی بنائے ہوئے عالمی اصولوں کو پامال کر رہا ہے، امریکہ کی تجارتی پابندیوں اور غیر منصفانہ ڈیوٹیوں کا سلسلہ اس بات کی علامت ہے کہ واشنگٹن کی عالمی پوزیشن کمزور پڑ رہی ہے۔
روسی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماسکو نے نوٹ کیا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کو نیٹو میں گھسیٹنے سے متعلق کوششوں کو روکنا چاہتا ہے، تاہم یورپی حلقوں کی تجویز کردہ عارضی جنگ بندی یا وقفہ کا مقصد صرف کیف حکومت کو وقت دینا ہے ناکہ مسئلے کے اصل حل کیلئے مذاکرات کا آغاز کرنا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وینزویلا کی حکومت قومی خود مختاری اور علاقائی وقار کے ساتھ امریکی یکطرفہ اقدامات کا مقابلہ کر رہی ہے اور ملک کی اکثریت عالمی سطح پر اپنی آزادی برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے، روس پہلے سے طے شدہ معاہدوں کے تحت کاراکاس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔