خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کا خواب جلد ہی ڈراؤنے خواب میں تبدیل ہو جائے گا۔
ایرانی صدر نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کھڑا ہے، ایران کسی کو اپنی زمین کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ کسی ہمسایہ ملک کی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہوئی تو مجبوراً جواب دینا پڑے گا، ہمسایہ ممالک پر جوابی کارروائیوں کا مطلب دشمنی نہیں بلکہ دفاعی ردعمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی فوجی اڈے خطے کی سلامتی میں معاون نہیں، دفاع میں نشانہ بنایا: ایران
مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دے گا، ملک کے تمام سیاسی دھڑے اور عوام دشمن کے خلاف متحد ہیں، ایران کسی بھی دباؤ یا حملے کے سامنے جھکنے والا نہیں، ایران کی خودمختاری اور سرزمین کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔