عباس عراقچی دورہ عمان کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے، ایرانی میڈیا

عباس عراقچی دورہ عمان کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے، ایرانی میڈیا

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی کا اسلام آباد کا دورہ شیڈول میں شامل ہے، عباس عراقچی پاکستان کے دورے کے بعد روس جائیں گے، جبکہ ایرانی وفد کا ایک حصہ مشاورت کیلئے تہران واپس چلا گیا ہے۔

ایرانی وفد کے ارکان اتوار کی شب دوبارہ اسلام آباد میں عباس عراقچی سے ملیں گے، عباس عراقچی اس سے قبل پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے روانہ ہوئے تھے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور ان کے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی نے سفارتی امور، امریکہ اسرائیل جنگ میں جنگ بندی اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

عباس عراقچی نے ترک وزیرِ خارجہ حقان فیدان سے بھی ٹیلی فون پر بات کی اور انھیں بھی جنگ بندی سے متعلق تازہ پیش رفت اور خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف حملوں کا آغاز کیا تھا، جس کے دوران رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور کئی اعلیٰ فوجی عہدیدار ہلاک ہو گئے تھے۔

ایرانی مسلح افواج نے اس کے جواب میں کئی ہفتوں تک میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن میں خلیج فارس میں امریکی و اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور 40 دنوں کے دوران 100 جوابی کارروائیوں میں بھاری نقصان پہنچایا گیا۔

آٹھ اپریل کو پاکستان کی ثالثی میں دو ہفتوں کی جنگ بندی طے پائی جس کے بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی،ان مذاکرات کے دوران ایران نے دس نکاتی تجویز پیش کی جس میں امریکی افواج کے انخلا اور پابندیوں کے خاتمے کو شامل کیا گیا تھا۔