آبنائے ہرمز کے قریب غیر ملکی افواج خطرے میں ہیں، عباس عراقچی

آبنائے ہرمز کے قریب غیر ملکی افواج خطرے میں ہیں، عباس عراقچی

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں تناؤ کم کرنے کا بہترین اور مؤثر حل غیر ملکی افواج کا انخلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر دیگر آپشنز بھی موجود ہیں، جس طرح ایرانی مسلح افواج نے ماضی میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اسی طرح ایران اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی پانی نہیں بلکہ ایران اور عمان کے درمیان واقع مشترکہ آبی گزرگاہ ہے۔ یہ امریکی ساحلوں سے ہزاروں میل دور واقع ہے اور اس کی بحری حدود مکمل طور پر واضح ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی فضائی، زمینی اور بحری خلاف ورزی پر ہائی الرٹ ہیں اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں موجود غیر ملکی فوجی موجودگی خطرات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے ان افواج کا جلد از جلد انخلا ضروری ہے۔