حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر حملہ، ایک پاکستانی سمیت 11 شہری زخمی

حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر حملہ، ایک پاکستانی سمیت 11 شہری زخمی

سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی باغیوں کے حملہ کے زخمیوں میں 7 سعودی شہری، ایک یمنی، 2 مصری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں، جبکہ متاثرین میں چار سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں نے شہری آبادی کو اندھا دھند نشانہ بنایا، یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

علاوہ ازیں سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہ مملکت میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق عراقی ملیشیائیں اور یمن کے حوثی جنگجو، پاسدارانِ انقلاب کی رہنمائی میں حملہ کر سکتے ہیں، انٹیلی جنس اداروں نے ڈرونز اور میزائلوں کی نقل و حرکت کا بھی مشاہدہ کیا ہے جس کے باعث ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کی تنصیبات، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال کے باوجود ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے سفارتی رابطے جاری ہیں، جبکہ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔