ٹرمپ کا تیسری بار صدر بننے کی خواہش کا اظہار، آئین رکاوٹ بن گیا

ٹرمپ کا تیسری بار صدر بننے کی خواہش کا اظہار، آئین رکاوٹ بن گیا

جنوبی کوریا روانگی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر آئین پڑھا جائے تو یہ واضح ہے کہ انہیں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں، جو افسوس کی بات ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ تیسری مدت کے لیے انتخاب لڑنا پسند کریں گے، تاہم قانون اس معاملے میں بہت واضح اور مضبوط ہے۔

امریکی آئین کی 22ویں ترمیم کے تحت کوئی شخص دو مرتبہ سے زیادہ امریکا کا صدر منتخب نہیں ہوسکتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی دو مرتبہ صدارتی انتخاب جیت چکے ہیں۔

ٹرمپ ماضی میں بھی مختلف اجتماعات، انٹرویوز اور عوامی تقاریب کے دوران تیسری مدت صدارت کے امکان کا ذکر کرتے رہے ہیں، جس کے باعث ان کے حامیوں اور اتحادیوں میں 2028 کے ممکنہ صدارتی انتخاب کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری رہی ہیں۔

ٹرمپ کے بعض حامیوں کی جانب سے آئینی پابندی ختم کرنے کے مختلف امکانات بھی زیر بحث آتے رہے ہیں، تاہم قانونی ماہرین کے مطابق صدر کی مدت کی موجودہ آئینی حد ختم کرنے کے لیے آئین میں ترمیم ضروری ہوگی، جس کا طریقہ کار انتہائی مشکل ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق تیسری مدت سے متعلق ٹرمپ کے بیانات سیاسی حکمت عملی کا حصہ بھی ہوسکتے ہیں، جن کے ذریعے وہ اپنے حامیوں کو متحرک رکھنے اور ریپبلکن پارٹی میں اپنے مستقبل کے کردار سے متعلق بحث کو زندہ رکھ سکتے ہیں۔

تازہ بیان میں ٹرمپ نے اگرچہ تیسری مدت کے لیے صدر بننے کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم ان کے مطابق موجودہ آئینی پابندی کے باعث 2028 کا صدارتی انتخاب لڑنا ممکن نہیں۔