خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) ٹرمپ انتظامیہ کے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر سے خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے کردستان ریجن کے صدر نیچر وان بار زانی کے ذریعے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی سے خفیہ رابطہ قائم کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا ٹرمپ انتظامیہ نے مئی میں بار زانی کے ذریعے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قیادت سے خفیہ رابطے کا چینل قائم کیا، کیونکہ واشنگٹن کو ایران کے سرکاری مذاکرات کاروں کے اختیارات کے بارے میں شکوک تھے۔
ذرائع کے مطابق 10 مئی کو امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ نے صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی منظوری سے نیچر وان بار زانی سے رابطہ کیا اور ان سے احمد وحیدی کے ساتھ رابطہ قائم کرانے میں مدد طلب کی۔
رپورٹ کے مطابق خفیہ ٹیلی فونک رابطے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی حمایت اور تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
واشنگٹن نے اربیل میں خفیہ ملاقات کی تجویز بھی دی تاہم ایران نے اس خدشے کے باعث اسے مسترد کر دیا کہ وہاں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے اہلکار موجود ہو سکتے ہیں۔