یمن میں 48 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد حوثی باغی ہلاک ہو گئے

یمن میں 48 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد حوثی باغی ہلاک ہو گئے

عرب میڈیا کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں جنوب مغربی صوبے تعز میں جھڑپوں اور ڈرون حملوں کے دوران ہوئیں، یہ حوثی باغیوں کا حالیہ کشیدگی شروع ہونے کے بعد بھاری نقصانات میں سے ایک ہے، ہلاک ہونے والے زیادہ تر حوثی باغی نام نہاد الصمد بریگیڈ سے تعلق رکھتے تھے۔

گزشتہ 2 روز کے دوران حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول دارالحکومت صنعا کے ہسپتالوں میں بڑی تعداد میں لاشیں منتقل کی گئی ہیں۔

یمنی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے دوبارہ کارروائیاں شروع کرنے کیلئے تعز شہر میں تازہ کمک بھیج دی ہے، حوثی ملیشیا نے مزید باغیوں کی بھرتی کیلئے اپنے زیر کنٹرول علاقوں کی جیلوں سے قیدیوں کو رہا کرنا شروع کر دیا ہے۔

صعدہ، حجہ اور صنعا کی جیلوں سے 850 قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے جن میں سنگین جرائم اور منشیات سے متعلق مقدمات میں گرفتار افراد بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں صوبہ ذمار میں 1,400 قیدیوں کی رہائی کی تیاریاں جاری ہیں، قیدیوں کو اس وعدے پر رہائی دی جا رہی ہے کہ حوثیوں کی لڑائی میں حصہ لیں گے۔