خلاصہ
- برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی ممالک کے اتحاد نیٹو نے کہا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے رکن ممالک کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بیان ایران کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مزید طویل کیا تو یورپ میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نیٹو اتحاد کے ایک عہدیدار نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں اتحاد کے فضائی دفاعی نظام نے اس وقت اپنی اہلیت ثابت کر دی تھی جب ایران کی جانب سے ترکیہ آنے والے میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کیا گیا۔
نیٹو کے عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت الگ الگ مواقع پر میزائلوں کو کامیابی کے ساتھ روکا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری دفاعی پوزیشن اور صلاحیت مضبوط اور موثر ہے۔
نیٹو عہدیدار کے مطابق نیٹو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور نیٹو کے تمام رکن ممالک کے دفاع کے لیے بھی، جو ضروری ہو گا وہ کیا جائے گا۔‘
یہ بیان فنانشل ٹائمز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی صورت میں ایران کے ممکنہ ردعمل کا جائزہ لیا گیا تھا۔
رپورٹ میں اس کے جواب میں ایران کی جانب سے یورپ میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کا بھی ذکر تھا، یورپ بھر میں امریکہ کے فوجی اڈے موجود ہیں، جہاں اس کے فوجی بھی تعینات ہیں اور ایسے مقامات میں نیٹو کے کئی رکن ملک بھی شامل ہیں۔
امریکا کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران کئی خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملے کر چکا ہے جبکہ اب ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی کہ اس کی جانب سے یورپی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔