امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا: روسی میڈیا کا دعویٰ

امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا: روسی میڈیا کا دعویٰ

روسی میڈیا نے یہ بات ایران اور پاکستان میں ذرائع کے حوالے سے کہی اور ساتھ ہی بتایا کہ جنگ بندی میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ نیوی گیشن بھی شامل ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق سرکاری طور پر جنگ بندی کا اعلان چند روز میں متوقع ہے، مذاکرات اور تکینکی میٹنگز اس کے بعد ہوں گی، جون کے وسط میں دونوں فریقوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کی بنیاد پر امن معاہدہ طے پایا جانا تھا مگر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوبارہ کشیدگی کا آغاز کر دیا گی اتھا۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے چند ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان نئی جنگ بندی کیلئے ثالثوں کے ذریعے کسی ڈیل پر پہنچنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے، اسی دوران امریکا کے صدر نے ایران کیخلاف معاشی جنگ کا اعلان کیا تھا اور دنیا کو خبردار کیا تھا کہ ایران کا معاشی گھیرا تنگ کرنے میں امریکا کا ساتھ نہ دینے والے ممالک کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو ایران نے جنگ میں اعتراف شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا، عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکا اب جنگ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے تاکہ داخلی بحران سے بچ سکے تاہم اس اقدام سے امریکا کو پہلے سے بھی بڑی شکست ہوگی۔

واضح رہے کہ ایران یا امریکا کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔