خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے دعویٰ کیا ہے کہ ستمبر کے دوران مختلف محاذوں پر یوکرینی فوج اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کے تقریباً 48 ہزار اہلکار ہلاک ہوئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی کونٹاکتے پر براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے آندرے ماروچکو نے روسی وزارتِ دفاع کے اعدادوشمار کے تجزیے کا حوالہ دیا۔
ان کے مطابق ستمبر میں یوکرینی فوج اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کے مجموعی نقصانات 47 ہزار 885 اہلکاروں تک پہنچ گئے، ان اعدادوشمار میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دونوں طرح کے اہلکار شامل ہیں۔
روسی فوجی ماہر نے کہا کہ اگست کے مقابلے میں ستمبر کے دوران یوکرینی فوج کے اہلکاروں کے نقصانات میں 9 ہزار 240 کا اضافہ ہوا۔
آندرے ماروچکو کے مطابق ستمبر میں یوکرینی فوج کو سب سے زیادہ جانی نقصان دونیتسک عوامی جمہوریہ کے محاذ پر اٹھانا پڑا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ روسی افواج نے ستمبر کے دوران یوکرین کے 24 ہزار ڈرون، 30 بغیر پائلٹ سطح آب پر چلنے والی کشتیاں اور 70 دیگر بحری جہاز تباہ کیے۔
ان کے مطابق روسی کارروائیوں میں سات ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم، 257 فیلڈ آرٹلری گنز، 310 ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
روسی فوجی ماہر نے بتایا کہ ستمبر کے دوران یوکرین کے 154 الیکٹرانک وارفیئر اور کاؤنٹر بیٹری ریڈار سسٹمز کے علاوہ ڈھائی ہزار سے زائد دیگر فوجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔