خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج نے اپنے تمام میزائلوں کی رینج اور رفتار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ میزائلوں کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن کی ایک ہزار کلومیٹر دور تک موجودگی کے پیش نظر میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران استعمال کیے گئے ایرانی میزائلوں نے مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد میزائلوں کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان ایرانی فوج کے مطابق ایرانی بری فوج کے میزائلوں نے کویت میں دشمن کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ایرانی بحریہ کے سمندر سے داغے جانے والے کروز میزائلوں نے دشمن کے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے میں کامیابی حاصل کی۔
جنرل محمد اکرمی نیا نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایرانی میزائلوں کی رفتار، رینج اور ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میزائلوں کی اپ گریڈیشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، جس کا مقصد ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔