خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی فضائی طاقت کو بھاری نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، کانگریشنل ریسرچ سروس کی رپورٹ کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 81 امریکی فوجی طیارے یا تو تباہ ہوئے یا انہیں نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثر ہونے والے طیاروں میں جنگی جیٹس، ہیلی کاپٹرز اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں شامل ہیں، تاہم مجموعی نقصان میں سب سے نمایاں حصہ ایم کیو نائن ریپر ڈرونز کا رہا جن میں سے کم از کم 45 ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران ضائع ہوئے۔
کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق امریکی فضائی نقصانات صرف براہ راست ایرانی حملوں تک محدود نہیں رہے۔
مارچ میں کویت کے اندر امریکی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے ایک واقعے میں 3 طیارے تباہ ہوئے جبکہ اپریل میں ایران کے اوپر ایک ایف 15 ای جنگی طیارہ بھی تباہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں اردن کے ایک فضائی اڈے پر ایرانی حملے کے نتیجے میں 15 ایف 8 طیاروں کو نقصان پہنچا، تاہم انہیں بعد میں دوبارہ آپریشنل کر دیا گیا، اس کے علاوہ ایک ایف 35 اے لائٹننگ II، دو اے 10 تھنڈر بولٹ II اور کے سی 135-سی فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے بھی متاثر ہوئے۔
تجزیاتی طور پر یہ اعداد و شمار اس تاثر کو چیلنج کرتے ہیں کہ جدید امریکی فضائی برتری جنگ میں نقصانات سے تقریباً محفوظ رہ سکتی ہے۔
خاص طور پر بڑی تعداد میں ایم کیو-نائن ریپر ڈرونز کا ضائع ہونا ظاہر کرتا ہے کہ طویل فاصلے کی کارروائیوں اور نگرانی کیلئے استعمال ہونے والے امریکی اثاثے بھی شدید خطرات سے دوچار رہے۔