پوتن اور شی میں مذاکرات دوستانہ ماحول میں ہوئے، ٹرمپ سے بھی بات چیت ہوگی: کریملن

پوتن اور شی میں مذاکرات دوستانہ ماحول میں ہوئے، ٹرمپ سے بھی بات چیت ہوگی: کریملن

روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے صحافی پاویل زاروبن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر پوتن اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات چین میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے مکمل اجلاس کے اختتام پر شروع ہوگی۔

انہوں نے صحافیوں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل اجلاس کے بعد دونوں صدور کی ملاقات کا انتظار کریں، روس کو امید ہے کہ یہ گفتگو مفید اور معلوماتی ثابت ہوگی۔

یوری اوشاکوف کے مطابق چین کے شہر شینزن میں بدھ کو منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران صدر پوتن عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، متعدد ممالک کے سربراہان ان سے گفتگو کے خواہش مند تھے اور تقریب کے دوران روسی صدر کے گرد رہنماؤں کا ہجوم موجود رہا۔

اس موقع پر صدر پوتن نے کئی عالمی رہنماؤں سے مختصر گفتگو بھی کی، ان کے مطابق روسی اور امریکی صدور کے درمیان بھی چند جملوں کا تبادلہ ہوا، تاہم دونوں رہنما ایک ساتھ نہیں بیٹھے تھے، اس لیے باقاعدہ گفتگو نہیں ہوسکی۔

روسی صدر کے معاون نے بتایا کہ صدر پوتن، صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان 19 نومبر کو ہونے والی سہ فریقی ملاقات کیلئے تینوں ممالک کے وفود کی تشکیل پر اتفاق ہوچکا ہے۔

روسی وفد میں شامل حکام کی فہرست بھی طے کرلی گئی ہے، تاہم فی الحال ان کے نام ظاہر نہیں کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملاقات کتنی دیر جاری رہے گی، اس کا فیصلہ تینوں ممالک کے سربراہان خود کریں گے اور اس کا دورانیہ گفتگو کی نوعیت اور پیش رفت پر منحصر ہوگا۔

صدر پوتن اور شی جن پنگ کی ملاقات کے حوالے سے یوری اوشاکوف نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے انتہائی دوستانہ ماحول میں کھل کر بات چیت کی، ان کے درمیان مکمل باہمی اعتماد موجود ہے اور گفتگو معلوماتی ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند بھی رہی۔

ملاقات میں بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال کے تمام اہم اور فوری نوعیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ یوکرین تنازع کے پُرامن حل اور ابوظہبی میں اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات کے تازہ دور کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

امریکی شہر میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں صدر پوتن کی ممکنہ شرکت کے بارے میں سوال پر کریملن کے معاون نے کہا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرنا قبل از وقت ہے، آج یا کل اس معاملے پر کوئی فیصلہ ہونے کا امکان نہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روسی اور چینی صدور سے ملاقاتوں پر سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی تنقید کے جواب میں یوری اوشاکوف نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں اور یہ بھی خود طے کرتے ہیں کہ انہیں کس عالمی رہنما سے ملاقات کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اپنے ملک کے مفادات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایجنڈا ترتیب دیتے ہیں۔ اوشاکوف نے ہلیری کلنٹن کی تنقید کو حد سے زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے بیانات امریکی تشخص کو نقصان پہنچاتے ہیں۔