خلاصہ
- عجمان: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں پہلے عجمان میڈیا فورم 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح عجمان کے ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی نے کیا۔
دو روزہ عالمی فورم میں 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے 68 مقررین نے شرکت کی، جبکہ 53 ادارے اور شراکت دار بھی اس پروگرام کا حصہ بنے، فورم میں جدید ذرائع ابلاغ، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل صحافت اور ابلاغ کے بدلتے ہوئے عالمی رجحانات کو مرکزی اہمیت دی گئی۔
عجمان میڈیا فورم کے تحت 23 مختلف نشستوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ذرائع ابلاغ کی صنعت کا مستقبل، مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مستند معلومات کی فراہمی اور جعلی خبروں کی روک تھام جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔
عالمی ماہرین، صحافتی نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے شرکا نے نئی ٹیکنالوجی کے باعث صحافت کو درپیش چیلنجز اور دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کی ساکھ اور عوامی اعتماد برقرار رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
فورم کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی تاریخی یادداشت اور مقامی ورثے کو محفوظ بنانے کیلئے ایک نیا ڈیجیٹل منصوبہ بھی متعارف کروایا گیا، اس منصوبے کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تاریخی معلومات اور اہم دستاویزات کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنانا ہے۔
شرکا نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کو صحافتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جائے، تاہم معلومات کی درستگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے اصولوں کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
عجمان میں عالمی میڈیا فورم کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں جدید صحافت، تخلیقی صنعتوں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
فورم کے ذریعے عالمی میڈیا ماہرین کو رابطوں اور تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کیا گیا، جس سے مقامی ذرائع ابلاغ کے اداروں کو نئی پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اجلاس میں میڈیا کے مستقبل اور مصنوعی ذہانت کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق عالمی مکالمے کو آگے بڑھانے پر توجہ دی گئی۔