خلاصہ
- بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین ایشیا پیسیفک خطے میں معاشی تعاون کا مضبوط حامی، فروغ دینے والا اور پیش رو ملک ہے، جو تمام فریقین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ ایشیا پیسیفک کمیونٹی کے ستون استوار کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
شنجن میں 33 ویں اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر اور ایشیا پیسیفک معجزے کا نیا باب رقم کرنا کے عنوان سے اہم کلیدی خطاب کیا اور زور دیا کہ ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی اور بحالی کے لیے آزاد تجارت اور معاشی انضمام ضروری ہے۔
اپنے خطاب میں ایک مستحکم ایشیا پیسیفک کمیونٹی کے قیام کے لیے مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ رکن ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے، ڈیجیٹل نظام کو آگے بڑھانے اور ان کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
علاقائی روابط کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے شی جن پنگ نے بنیادی ڈھانچے کے نیٹ ورکس کو بہتر بنانے، پالیسیوں اور ضوابط میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ خطے کے عوام کے درمیان باہمی مفاہمت اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
جدت طرازی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر اور مصنوعی ذہانت کے وسیع پیمانے پر اطلاق کو فروغ دینے کے لیے مزید بھرپور کوششیں ناگزیر ہیں۔
چینی صدر نے پائیدار ترقی کو کلیدی حیثیت دیتے ہوئے علاقائی معیشتوں پر زور دیا کہ وہ توانائی اور غذائی تحفظ، سرحد پار انسدادِ بدعنوانی کے نظام اور ماحول دوست و کم کاربن اخراج والی معیشت کی طرف منتقلی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو آگے بڑھائیں۔
صدر شی جن پنگ نے عوامی فلاح و بہبود میں بہتری لانے اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری بڑھانے کی اپیل بھی کی۔