خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں مشرقِ وسطیٰ کے پہلے ڈزنی تھیم پارک کے قیام سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
امریکی تفریحی کمپنی والٹ ڈزنی کی 17 نومبر 2026ء کو جاری ہونے والی سالانہ مالیاتی رپورٹ میں یاس آئی لینڈ پر مجوزہ ڈزنی ریزورٹ کا دوبارہ ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کی کمپنی میرال منصوبے کی تعمیر اور انتظامی سرگرمیوں کی ذمہ دار ہوگی، جبکہ ڈزنی اپنے معروف کرداروں اور تخلیقی حقوق کے استعمال کی اجازت دینے کے علاوہ ڈیزائن اور انتظامی خدمات فراہم کرے گی، تاہم منصوبے پر پیش رفت متعلقہ فریقوں کے درمیان حتمی معاہدوں کی تکمیل سے مشروط ہے۔
مجوزہ ڈزنی ریزورٹ کو دنیا میں ڈزنی کا ساتواں تھیم پارک ریزورٹ اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ قرار دیا گیا ہے، اسے یاس آئی لینڈ کے ساحلی علاقے میں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی ہے، جہاں پہلے ہی فراری ورلڈ، وارنر برادرز ورلڈ، سی ورلڈ اور یاس واٹر ورلڈ جیسے عالمی تفریحی مراکز قائم ہیں۔
ابوظہبی کے سرکاری سیاحتی پورٹل پر منصوبے کے ممکنہ افتتاح کیلئے 2030ء سے 2032ء کا تخمینی عرصہ درج ہے، تاہم ڈزنی یا میرال نے افتتاح کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، منصوبہ تاحال ابتدائی ڈیزائن اور منصوبہ بندی کے مراحل میں ہے۔
یاس آئی لینڈ میں تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ رہائشی ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، ابوظہبی کی معروف پراپرٹی ڈویلپر کمپنی الدار نے یاس پوائنٹ میں دی کینوپیز سینکچری کے نام سے مزید 388 رہائشی اپارٹمنٹس متعارف کروائے ہیں۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق تین رہائشی عمارتوں پر مشتمل اس منصوبے میں اسٹوڈیو سے تین بیڈ روم تک کے اپارٹمنٹس شامل ہیں، جن کی ابتدائی قیمت 16 لاکھ 60 ہزار درہم مقرر کی گئی ہے۔
منصوبے میں پانچ فیصد ابتدائی ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ اپارٹمنٹس کی حوالگی 2031 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے، یہ رہائشی منصوبہ مجوزہ ڈزنی ریزورٹ سے الگ ہے۔
یاس آئی لینڈ میں سیاحت، تفریح، رہائش اور کاروباری سہولیات کی توسیع ابوظہبی کی طویل المدتی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے، الدار کے یاس پوائنٹ منصوبے کی مجموعی مالیت چھ ارب درہم بتائی گئی ہے، جبکہ مستقبل میں ڈزنی تھیم پارک اور دیگر عالمی تفریحی منصوبے جزیرے کی بین الاقوامی کشش میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔
تاہم ڈزنی ریزورٹ کے تعمیراتی آغاز، حتمی معاہدوں اور افتتاح کی تاریخ سے متعلق مزید سرکاری اعلانات کا انتظار ہے۔