موٹرسائیکلوں کی قیمت میں ایک سال کے دوران 36 ہزار روپے تک اضافہ

Last Updated On 08 February,2019 12:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایک سال کے دوران موٹرسائیکلوں کی قیمت میں 36 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ موٹر سائیکل ڈیلرز نے روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ سبب قرار دے دیا۔

ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری نے جہاں مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا وہیں متوسط طبقے کی سواری موٹرسائکلیں بھی 36 ہزار روپے تک مہنگی ہو گئیں۔ ایک سال کے دوران سوزوکی کمپنی نے 150 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت 24 ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 43 ہزار روپے کر دی۔

یاماہا نے 125 جی موٹر سائیکل کی قیمت 10 ہزار 600 روپے اضافے سے 1 لاکھ 44 ہزار 500 روپے جبکہ ہنڈا کمپنی نے سی بی 125 ایف موٹر سائیکل کی قیمت 36 ہزار روپے اضافے سے 1 لاکھ 62 ہزار 500 روپے کر دی۔

موٹر سائیکل ڈیلرز کے مطابق روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے سبب ایک سال کے دوران موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement