حکومت نےرواں‌ مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا

Last Updated On 08 February,2019 12:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق رواں مالی سال کے چھ ماہ میں حکومت نے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا۔ ان قرضوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ملنے والے قرضے شامل نہیں۔

قرض برائے قرض کی روش برقرار، موجودہ حکومت نے جولائی سے دسمبر کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا، اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس دوران کمرشل بینکوں سے 50 کروڑ ڈالر، چین سے 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 34 کروڑ ڈالر کا نیا قرض لیا گیا۔

گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران حکومت نے 5 ارب 90 کروڑ ڈالر کا قرض لیا تھا، واضح رہے کہ ان قرضوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ملنے والے قرضے شامل نہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق رواں برس حکومت کو بیرونی ادائیگیوں کی کے لئے کم از کم 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس میں سے اب تک ساڑھے 5 ارب ڈالر ادا کیے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی ادائیگیوں سے بچنے کے لئے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔
 

Advertisement