ملتان: منڈیوں میں آڑتھیوں کی اجارہ داری برقرار، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

Last Updated On 04 December,2019 08:47 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی سبزی منڈیوں میں آڑتھیوں کی اجارہ داری برقرار ہے۔ حکومت کے کسان پلیٹ فارم مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ منڈی میں قیمتیں کم نہ ہونے سے دکانوں پر سبزی کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

ملتان کی سبزی منڈی میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر کسان پلیٹ فارم بنایا گیا لیکن منڈیوں میں آڑھتیوں کی اجارہ داری قائم ہے اور کاشتکار بھی وقت کی بچت کیلئے پورا دن اپنی سبزیاں خریداروں کو فروخت کرنے کی بجائے صرف آڑھتیوں کو دینے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں جس کی وجہ سے کسان پلیٹ فارم کی افادیت خانہ پُری تک رہنے سے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں تاحال کم نہ ہو سکیں۔

سبزی منڈی میں پیاز کی فی کلو قیمت 80 روپے، مٹر کے سو، ٹماٹر کی 160 روپے، سوانجنا 200، لہسن اور ادرک کے 240 روپے وصول کی جارہی ہے تاہم پھلوں کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ کے برابر پہنچ چکی ہیں جس پر ڈی سی کا موقف ہے کہ ذخیرہ اندوزی کے باعث قیمتوں کے تعین کے حوالے سے مسائل ہیں جو پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو حل کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں۔

کسان پلیٹ فارم پر دھنیا، شلجم اور گوبھی چالیس روپے کلو ہونے کے باعث کسی حدتک موجود ہے لیکن باقی سبزیاں ریڑھیوں اور دکانوں سے مہنگے داموں خریدنا شہریوں کی مجبوری بن گیا ہے۔
 

Advertisement