ملتان: موسم تبدیل ہوتے ہی گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، ایل پی جی اور لکڑی کی قیمت بڑھا دی گئی

Last Updated On 08 December,2019 10:48 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں موسم تبدیل ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے جس کا فائدہ اٹھا کر دکانداروں نے ایل پی جی گیس کی فی کلو قیمت بھی بیس روپے، لکڑی کی فی من قیمت میں پچاس روپے تک کا اضافہ کر دیا۔

ملتان میں سردی پڑتے ہی گیس کی طویل بندش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بازاری کھانے خریدنے کی سکت نہ ہونے پر گھروں میں جھگڑے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں جبکہ رہی سہی کسر دکانداروں نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں بیس روپے کا اضافہ کر کے پوری کر دی ہے جس سے 140 روپے فی کلو کے حساب سے گیس خریدنا صارفین کیلئے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

سوئی نادرن حکام نے گیس کی لوڈشیڈنگ کے اوقات رات نو بجے سے صبح چھے بجے تک مقرر کیے ہیں لیکن اس کے باوجود باقی اوقات میں بھی گیس فراہم نہیں کی جا رہی جس پر سوئی نادرن حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ قومی مسئلہ ہے جس پر صارفین تعاون کریں جبکہ دکانداروں کا موقف ہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں اضافہ بھی خودساختہ نہیں بلکہ مہنگائی کا نتیجہ ہے۔

گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث لکڑی کی فی من قیمت 50 روپے کے اضافے سے 750 روپے وصول کی جارہی ہے اور اسی لیے لوڈشیڈنگ کے ستائے صارفین نے احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
 

Advertisement