آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کیا جائے گا

Last Updated On 16 March,2020 04:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کیا جائے گا، ماہرین کے مطابق شرح سود میں ڈھائی فیصد تک کمی کا امکان ہے ۔۔

تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کیا جارہا ہے۔ ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی بینک شرح سود میں آدھا فیصد سے اڑھائی فیصد تک کمی کا اعلان کرسکتا ہے۔

اس وقت شرح سود 13 اعشاریہ 25 فیصد ہے، کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر کی معیشت کو دھچکا پہنچا ہے ،، جس کے بعد اب تک 20 سے زائد ممالک شرح سود میں کمی کا اعلان کرچکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک کو پہلے ہی شرح سود میں کمی کا اعلان کردینا چاہئے تھا کیونکہ امریکا جیسے ملک نے بھی شرح سود کو صفر کردیا ہے جس کے باعث معیشت کو 700 ارب ڈالر کی سپورٹ ملے گی۔