رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 25.63 فیصد اضافہ

Last Updated On 05 April,2020 05:34 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 25.63 فیصد جبکہ مقامی کھپت میں 3.83 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 6.5 ملین ٹن تک بڑھ گئیں جبکہ مقامی کھپت 30 ملین ٹن سے زیادہ رہی ہے۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ 2019-20ء کے دوران برآمدات میں 25.63 فیصد کانمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ سیمنٹ کی مقامی کھپت 3.82 فیصد تک بڑہی ہے۔

اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران سیمنٹ ساز اداروں کی مجموعی حجم 37.035 ملین ٹن تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران سیمٹ کی قومی صنعت کی کل فروخت 34.593 ملین ٹن رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کوروانا وائرس کے باعث لاک ڈائون کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث مارچ 2020ء کے دوران مارچ 2019ء کے مقابلہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 16.7 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم برآمدات میں 5.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی شعبہ کے لئے ریلیف پیکج اور تعمیرات صنعت کو 14 اپریل سے کام کی اجازت کے نتیجہ میں آنے والے دنوں میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں اضافہ متوقع ہے تاہم اپریل کے پہلے 14 دن صنعتی سرگرمیوں میں کمی کے باعث اپریل کے مہینہ میں سیمنٹ کی فروخت میں کمی کا امکان ہے۔
 

Advertisement