پی ایس ایل: سکیورٹی اہلکاروں کے کھانے پر 1 کروڑ خرچ

Last Updated On 22 March,2018 09:19 am

لاہور: ( مدثر حسین ) پی ایس ایل کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے کھانے کے لیے آئی جی پنجاب کی طرف سے ایک کروڑ کے فنڈز جاری کر دئیے گئے۔ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے افسروں کی طرف سے دئیے گئے کھانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

18 ہزار اہلکاروں کے کھانے کیلئے آئی جی فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ایک کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے۔ یہ فنڈزلاہور پولیس کو موصول ہو گئے، فنڈز کو اہلکاروں کے کھانے اور دیگر سکیورٹی اخراجات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور امین وینس نے 3 روز قبل آئی جی پنجاب سے پی ایس ایل کی سکیورٹی کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے مانگے تھے جسکی مد میں یہ فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔

سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ لاہور پولیس کے افسر بریانی سے باہر نکلے ہیں اس دفعہ روسٹ کیساتھ نان جوس اور صاف پانی کی بوتلیں دی جا رہی ہیں جو کہ ایک اچھا قدم ہے۔ ایک اہلکار وسیم نے بتایا کہ افسر کھانے کو خود مانیٹر کر رہے ہیں، کاشف نے پولیس افسروں کا شکریہ ادا کیا، ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ کھانا پولیس گاڑیوں کے بجائے سپیشل گاڑیوں پر لایا جائے تو زیادہ دیر تک رکھا جا سکتا ہے اور خراب بھی نہیں ہو گا۔
 

Advertisement