پروفیسر کی شاندار سنچری کیساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی

Last Updated On 07 October,2018 07:04 pm

دبئی: (دنیا نیوز) شاباش پروفیسر، ٹیسٹ کرکٹ میں 2 سال بعد کم بیک کو سنچری سے یادگار بنا لیا، محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں 126 رنز کی اننگز کھیلی۔

دبئی کا میدان محمد حفیظ کے لیے جیت کا نشان بن گیا، مسلسل نظر انداز رہنے والے پروفیسر کے واپسی کے لیے زبردست فارمولے، احتجاج کر کے ٹیم میں آئے اور آتے ہی بیٹنگ کے جوہر دکھائے۔ دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار سنچری بنا کر ناقدین کے منہ بند کر دیے۔

محمد حفیظ نے پراعتماد انداز سے کھیل پیش کیا اور 170 گیندوں پر سنچری مکمل کی، پروفیسر 126 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہیں پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی۔ 2 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنائے۔