دبئی ٹیسٹ : 462 رنز کا ہدف، آسٹریلیا کے136 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

Last Updated On 10 October,2018 06:50 pm

دبئی: (دنیا نیوز) دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے ہیں۔

سرفراز الیون نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈکلئیر کی تو آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے ہیں۔ محمد عباس نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے 30 اوور میں پہلے ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر شان مارش کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ایرون فنچ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شان مارش اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ محمد عباس نے اپنے اگلے اوور میں مچل مارش کو بھی صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے مزید 326 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

گزشتہ روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر45 رنز بنائے تھے تاہم آج جب کھیل شروع ہوا تو 65 رنز کے اضافے کے بعد امام الحق 48 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد حارث سہیل بھی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے 71 رنز کی شراکت قائم کی، اسد شفیق نے 41 اور بابر اعظم نے 28 رنز بنائے۔ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 482 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے محمد حفیظ اور حارث سہیل نے سنچری جب کہ اسد شفیق اور امام الحق نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 48، اسد شفیق نے 41 اور حارث سہیل نے 39 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپنرز نے 142 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ نے 85 اور ایرون فنچ نے 62 رنز بنائے تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے صرف 36 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 

Advertisement