پاک سری لنکن آرمی کرکٹ سیریز: پہلے میچ میں سری لنکا فاتح

Last Updated On 10 October,2018 07:09 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان آرمی الیون اور سری لنکن آرمی الیون کے درمیان تین میچز کی کرکٹ سیریز کا آغاز ہو گیا۔ زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونیوالی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مثالی دوستانہ تعلقات اور کھیلوں کے زریعے امن کو فروغ دینے کے لیے پاکستان آرمی الیون اور سری لنکن آرمی الیون کے درمیان پاکستان میں کرکٹ سیریز کا آغاز ہو گیا۔ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہائیر پاکستان کے اشتراک سے ہونیوالی کرکٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ پہلے میچ میں سری لنکا آرمی الیون نے کامیابی حاصل کی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے نو وکٹوں پر 207رنز بنائے۔ جینتھ چترونگا نے سینتالیس اور سیکوگے پرسنا نے سینتالیس رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے طاہر خان نے تین اور عمیر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان آرمی الیون 136رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عمیر خان چوالیس اور حسیب الرحمان بتیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پرسنا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد بریگیڈئیر غلام جیلانی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پاکستان آرمی اور سری لنکن آرمی کے درمیان دوسرامیچ بارہ اکتوبر کو میران شاہ میں کھیلا جائیگا ، جبکہ دونوں ٹیمیں تیسرے میچ میں سترہ اکتوبر کو لاہور میں مدمقابل ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیریز کے انعقاد کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا فروغ ہے. کھیلوں کے زریعے دوست ملک سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکن آرمی کے درمیان سیریز کا انعقاد باعث خوشی ہے۔ زلمی فاؤنڈیشن اور ہائیر پاکستان کا سیریز کا حصہ بننا باعث افتخار ہے۔ کھیلوں کے زریعے امن کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔.


 

Advertisement