پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا

Last Updated On 11 October,2018 06:55 pm

دبئی :(ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا۔دوسری اننگر میں پاکستان کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 8 وکٹ پر 362 رنز بنائے۔

 دبئی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی جانب سے دیے گئے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے، کینگروز نے آج اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز سے کیا تاہم صرف 83 رنز کے اضافے کے بعد ٹراوس ہیڈ 72 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، عثمان خواجہ نے پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 141 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔یاسر شاہ نے اگلے اوور میں پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک کی وکٹیں حاصل کر کے میچ کا نتیجہ آنے کی امیدیں پھر سے زندہ کردیں۔ لیکن کپتان ٹم پین کا ساتھ دینے نیتھن لایون آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ڈٹ کر پاکستانی باؤلرز کا سامنا کیا اور آخری 12اوورز تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور یوں آسٹریلیا نے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 482 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنرز کے سوا کوئی بلے باز نمایاں بیٹنگ نہ کرسکا، ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی اور پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد قومی ٹیم کو کینگروز پر 280 رنز کی سبقت بھی حاصل ہوئی۔ تاہم پاکستان نے فالو آن نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 48، اسد شفیق نے 41اور حارث سہیل نے 39 رنز بنائے۔ عثمان خواجہ کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 16اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔


 

 

Advertisement