ابوظہبی ٹیسٹ: پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 348 رنز پر آؤٹ

Last Updated On 06 December,2018 09:01 am

ابوظہبی ٹیسٹ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنا لیے جب کہ اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 48 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو کیویز پر 74 رنز کی برتری حاصل تھی۔

سیریز کے فیصلہ کن میچ کے تیسرے روز پاکستان نے ایک سو انتالیس رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز شروع کی اور پوری ٹیم تین سو اڑتالیس رنز بنا سکی۔

اظہر علی نے ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے ایک سو چونتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کا کامیابی سے ساتھ دینے والے اسد شفیق نے بھی اپنی سنچری مکمل کی، وہ ایک سو چار رنز بنا کرمیدان بدر ہوئے۔ حارث سہیل 34، کپتان سرفراز احمد 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے سمرویلی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اعجاز پٹیل اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز میں دو سو چوہتر بنانے والے کیویز چوہتر رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری باری میں اِن ایکشن ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی تھی، پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے 5، یاسر شاہ 3، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

Advertisement