حفیظ اور شعیب ملک ورلڈ کپ کیلئے مکی آرتھرکی امیدوں کا محور

Last Updated On 12 February,2019 02:24 pm

لاہور:(آن لائن) امیدوں کا محور تبدیل کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو اب ورلڈ کپ میں سینئرز کے چمکنے کا انتظار ہے ،ان کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کیلئے رواں سال میگاایونٹ غیر معمولی ثابت ہو سکتا ہے، ان کی کارکردگی اچھی رہی تو زائد سکور کی بدولت حریف ٹیموں پر دباؤ ڈالنا ممکن ہو سکے گا۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی ون ڈے فارم پر کافی پریشانی لاحق ہے، ہماری طرح وہ بھی اس بات سے واقف ہے، بال سوئنگ ہونے لگے تو پھر اس سے اچھا بالر کوئی بھی نہیں ہو سکتا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اعتراف کیا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کیلئے رواں سال ورلڈ کپ غیر معمولی ایونٹ ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک مڈل آرڈر میں انتہائی اہم بیٹسمین ہیں جن کی سپن بالنگ کی صلاحیت سے بھی ضرورت کے وقت عالمی کپ میں استفادہ کیا جائے گا۔

مکی آرتھر کو یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں سینئر کھلاڑی اپنا بھرپور کردار نبھائیں گے کیونکہ بڑے ایونٹس میں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے جو پہلے بھی اس امتحان سے گزر کر بہترین کھیل پیش کر چکے ہوں اور امید ہے کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اگرچہ محمد عامر کے اعداد و شمار مثالی نہیں لیکن بعض اوقات چھٹی حس کسی بالر پر بھروسہ کرنے پر اکساتی ہے اور جنوبی افریقہ میں اہم موقع پر محمد عامر کی جانب سے عمدہ بالنگ پر انہیں اطمینان حاصل ہوا ہے کہ وہ ضرورت کے وقت اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

 

 

Advertisement