شاہد آفریدی نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی تردید کر دی

Last Updated On 12 March,2019 06:38 pm

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ نا ز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے اپنے آخری کھیلے گئے پول میچ میں ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی انہوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق کوئی باقاعدہ منصوبہ نہیں بنایا ،پی ایس ایل فور کے اس آخری میچ میں گراﺅنڈ کا چکر لگانے سے شائقین کرکٹ یہ سمجھ بیٹھے کہ واقعی شاہدآفریدی نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ بعد کراچی میں کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے جس پر شائقین کرکٹ کا جوش قابل دید تھا۔

بوم بوم آفریدی نے ے ریٹائر منٹ کی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ لوگ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی جلد از جلد دیکھنا چاہتے ہیں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے تین مہینے کوئی مصروفیت نہیں ہے اور وہ اپنی فٹنس پر کام کریں گے۔

 انھوں نے پاکستان سپر لیگ سے کنارہ کشی اختیار کرنے سے متعلق کہا کہ انھوں نے اس طرح کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ اگلے سال بھی پی ایس ایل میں نظر آئیں گے۔ تاہم انھوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے وہ اس بار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔


یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے بعد اس سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی اور آٹھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں، لیکن بیٹنگ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور صرف 16 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔

شاہد آفریدی نے 27 ٹیسٹ میں 5 سنچری اور8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے جب کہ ان کا بہترین اسکور156 رنزرہا۔ آفریدی سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنا کردنیا بھرمیں مشہور ہوگئے تھے ۔ان کا ریکارڈ پہلے نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور پھر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے توڑ کر اپنے نام کرلیا۔

398 ون ڈے میچوں میں شاہد آفریدی نے 8064 رنزاسکور کئے جس میں 6 سنچریاں اور39 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ 99 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آفریدی نے 1415 رنز4 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے ہیں ۔ شاہد آفریدی کو ٹی 20 میں سب سے زیادہ 98وکٹیں لینے کا ریکارڈ حاصل ہے۔
 

Advertisement