پی ایس ایل فور: گلیڈی ایٹرز کا زلمی کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف

Last Updated On 13 March,2019 11:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور احسن علی نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت ان کی ٹیم اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب ہو سکی۔

پاکستان سپر لیگ فور (پی ایس ایل فور) کے فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا جاری ہے۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر گلیڈی ایٹرز نے 186 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن 71، احسن علی 46 اور عمر اکمل 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جبکہ حسن علی، ٹی ایس ملز، سمین گل اور پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کسی کو نفسیاتی برتری حاصل نہیں کیونکہ دونوں ٹیموں نے دس، دس میچز کھیلے ہوئے ہیں اور یہ ان کیلئے بالکل نیا مقابلہ ہوگا۔

ایک مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پشاور زلمی اور دو مرتبہ کی فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے جس میں کامیاب ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی تاہم ہارنے والی ٹیم کو ایک موقع مزید ملے گا جب وہ پہلے ایلی منیٹر میچ میں فتح حاصل کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ یا کراچی کنگز کیخلاف دوسرے ایلی منیٹر میچ میں میدان سنبھالے گی۔
 

Advertisement