خراب فارم محمد عامر کو لے ڈوبی، ورلڈ کپ سے آئوٹ

Last Updated On 18 April,2019 11:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کوچ مکی آرتھر کے منظور نظر محمد عامر کو ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم سے آئوٹ کر دیا گیا۔ خراب فارم نے محمد عامر کو پریشان کر دیا۔

سلیکٹرز کا اعتماد اور ورلڈ کپ میں دوبارہ شرکت کے لیے  انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں شاندار کارکردگی سے مشروط کر دیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کے بعد سے فاسٹ باؤلر کی ناقص باؤلنگ سلیکشن کمیٹی کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے محمد عامر کیریئر کی بدترین فارم میں نظر آئے۔

27سالہ باؤلر اس دوران 14میچوں میں کرائے گئے 101 اوورز میں 92.60 کی اوسط سے صرف 5 وکٹیں لے سکے۔ اس دوران قومی ٹیم کو ایک میچ بھی نہ جتوا سکے۔ دن بدن بگڑتی فارم کے باعث محمد عامر کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

چیف سیلکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ اگر فاسٹ باؤلر محمد عامر انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہیں تو انہیں ورلڈکپ کے سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement