وزیراعظم عمران خان نے نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دیدی

Last Updated On 03 July,2019 07:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف اور وزیراعظم عمران خان نے نئے کرکٹ ڈھانچے کی منظوری دیتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے نظرثانی شدہ سسٹم بھی منظور کر لیا۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بطور پیٹرن پی سی بی نئے نظام کی منظوری دینے کے علاوہ ڈیپارٹمنٹس کو نئے نظام میں تعاون کی ہدایات بھی جاری کر دیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ ٹیمیں رکھنے والے سرکاری ڈپارٹمنٹس پی سی بی سے ہر ممکن تعاون کریں۔ جن 11 اداروں کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے ہدایت نامہ بھجوایا گیا ہے ان میں واپڈا، ایس این جی پی ایل، سٹیٹ بینک، نیشنل بینک، کے آر ایل، پی ٹی وی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، ریلوے اور سول ایوی ایشن شامل ہیں۔

نئے سیٹ اپ میں 15ریجنل ایسوسی ایشنز کو 6 میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں پنجاب سنٹرل، پنجاب سدرن، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن پنجاب کے ریجنز اور ٹیمیں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان بارہا پاکستان کے موجودہ کرکٹ اسٹرکچر کو بوسیدہ قرار دیکر اس میں تبدیلی کا عندیہ دے چکے تھے اور انہوں نے پی سی بی کو نیا کرکٹ اسٹرکچر تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
 

Advertisement