کرکٹ لیجنڈ شین وارن کی ٹیسٹ کیپ 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر میں نیلام

Last Updated On 12 January,2020 11:09 pm

کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق کرکٹر شین وارن کی ٹیسٹ کیپ کو 10 لاکھ ڈالر میں نیلام کر دیا گیا ہے۔ حاصل ہونے والی رقم کو جنگلات میں لگی آگ سے متاثرہ شہریوں کی مدد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق مشہور کرکٹر شین وارن کی ٹیسٹ کیپ آسٹریلای کے سب سے بڑے بینک دولت مشترکہ بینک نے خریدی ہے۔

بینک کے چیف ایگزیکٹو میٹ کومِن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شین وارن کی ٹیسٹ کیپ کو مزید فنڈ اکٹھا کرنے کی غرض سے چار ملکوں میں لے جایا جائے گا جبکہ بعد ازاں اسے بریڈمین عجائب گھر کو عطیہ کر دیا جائے گا جہاں اس کی مستقل نمائش کی جائے گی۔

شین وارن نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ٹیسٹ کیپ کی بولی میں شرکت کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے حاصل ہونے والی رقم سے بے حد خوش ہیں اور یہ ان کی توقع سے کہیں زیادہ ہے۔

آسٹریلوی سٹار نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کی ٹیسٹ کیپ کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ریڈ کریسنٹ کو دیدی جائے گی۔ یاد رہے کہ ریڈ کریسنٹ نے جنگلات کی آگ بجھانے اور متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ عطیہ کی اپیل کر رکھی ہے۔

 

خیال رہے کہ یہ آسٹریلوی کرکٹ تاریخ کی مہنگی ترین بولی ہے۔ آسٹریلیا میں سر ڈان بریڈمین کی ٹیسٹ کیپ کی بولی 2003ء میں چار لاکھ 25 ہزار آسٹریلوی ڈالرز تک گئی تھی۔

 

لیجنڈ آسٹریلوی لیگ سپنر شین نے اپنے کیریئر کے 145 میچوں کے دوران یہ کیپ پہن کر 700 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 

 

Advertisement