کراچی : اغواء اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں پھر اضافہ

Last Updated On 12 May,2018 10:13 pm

کراچی (روزنامہ دنیا ) شہر میں اغواء اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے ۔ کراچی پولیس کے ایک سینئر افسر نے رابطہ کرنے پربتایا کہ ان جرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی پلان کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران عبادت کے اجتماعات اور بازاروں میں حفاظتی اقدامات کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق شہر میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی وارداتیں بھی شروع ہوگئی ہیں، ان وارداتوں میں کچھ گروہ ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے آغاز کے وقت اغواء برائے تاوان کی وارداتیں بہت زیادہ ہو رہی تھیں۔ کراچی آپریشن کے دوران ان کارروائیوں میں ملوث کئی گروہوں کا قلع قمع کر دیا گیا، جس کے باعث ان وارداتوں کا تناسب بہت کم یہاں تک کہ نہ ہونے کے برابر ہو گیا تھا، تاہم اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات پھر سے شروع ہو گئے ہیں جنہیں روکنے کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں پہلے ہی فیلڈ آفیسرز پر رمضان المبارک کے دوران چھٹیاں لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ بازاروں میں لوگوں کا رش بہت بڑھ جائے گا ، اس لیے ان مقامات کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ خوری کی روک تھام کے لیے ایس آئی یو کو مزید فعال کیا جا رہا ہے ۔

اغواء کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے اے وی سی کو بھی سخت اقدامات کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل گلشن اقبال میں نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، اس واقعہ کے ملزمان تا حال گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔