'طلاق میں شوہر کا کوئی قصور نہیں تھا، خود اس رشتے کو ختم کیا'

Last Updated On 11 November,2018 08:32 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) کئی کامیاب ڈراموں میں شاندار اداکاری کی بدولت اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ صنم سعید نے اپنی شادی کی ناکامی کی وجہ خود کو قرار دے دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انکی زندگی میں شوہر اور گھر سے زیادہ اہم والدہ کی بیماری اور انکا کام تھا۔

اداکارہ صنم سعید نے حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے شو’اسپیک یور ہارٹ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں اپنی شادی اور طلاق سے متعلق کئی انکشافات کیے۔ صنم سعید نے کہا ان کے شوہر بہت اچھے انسان تھے لیکن وہ انہیں اس طرح توجہ نہیں دے سکیں جو ایک بیوی کو اپنے شوہر کو دینی چاہیے، شادی کے بعد انہیں محسوس ہوا وہ ایک بیوی کی طرح زندگی نہیں گزار سکتیں اور نہ کسی کے مشوروں پر چل سکتی ہیں وہ کام کرنا چاہتی تھیں کیونکہ انہیں کام کرنے کی عادت ہے۔


صنم سعید نے کہا کہ انہیں بہت کم عمر میں اپنے اسکول کے دوست کے ساتھ محبت ہو گئی تھی لیکن یہ محبت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور وہ دوست انہیں چھوڑ کر چلا گیا جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اب کبھی دوبارہ محبت نہیں کریں گی لیکن انہیں ایک بار پھر محبت ہوئی اور اسی شخص کے ساتھ شادی بھی ہوئی۔

صنم سعید نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کی بیماری کے وقت ان کی زندگی میں ان کا کام، ان کی والدہ اہم تھیں شوہر اور گھر کی اتنی اہمیت نہیں تھی جب کہ شادی شدہ زندگی میں عورت کی پہلی ترجیح اس کا شوہر اور گھر ہونا چاہیئے اور یہ ان کے شوہر کے ساتھ بہت غیر منصفانہ طرز عمل تھا یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی۔

صنم سعید نے اعتراف کیا کہ ان کی طلاق میں ان کے شوہر کا کوئی قصور نہیں تھا بلکہ انہوں نے خود اس رشتے کو ختم کیا اور اس رشتے سے باہر نکلنے کے بعد انہیں ایسا لگا جیسے وہ کسی بوجھ سے ہلکی ہو گئی ہوں۔
 

Advertisement