محکمہ موسمیات نے آج ابر کرم برسنے کی نوید سنا دی

Last Updated On 10 April,2018 10:30 am

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی، لاہور سمیت بالائی علاقوں میں بارش، ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بالائی علاقوں میں ابر کرم برسنے کی پیشگوئی کر دی، وفاقی دارالحکومت، لاہور میں کہیں کہیں ہلکی بارش، بالائی خیبرپختونخوا کے علاقوں اور کشمیر میں میں تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

لاہور میں آج موسم ہلکی بارش کے امکان کے باعث خوشگوار رہے گا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں بھی چند مقامات پر تیز ہواوں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورجڑواں شہر راولپنڈی میں آج مطلع ابر آلود اور کہیں کہیں ہلکی بارش جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے لاہور کے گردونواح، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن میں بھی کہیں کہیں ابر کرم کی نوید سنائی ہے، بالائی خیبرپختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن،فاٹا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں جبکہ بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان اورساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پرتیزہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

گزشتہ روز بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر، ڈی جی خان، کوئٹہ ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواوٗں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش دیر میں 48 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

 

Advertisement