بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

Last Updated On 15 April,2018 05:24 pm

درجہ حرارت میں کمی ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، بلوچستان سے شروع ہونے والا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان

کوئٹہ (دنیا نیوز ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم سہانا بنا دیا، محکمہ موسمیات نے آج رات سے جمعے تک اسلام آباد، لاہور، جنوبی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسنے کی پیش گوئی کر دی۔

کراچی میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ بلوچستان میں موسم خوشگوار ہوگیا، خوشگوار کوئٹہ میں صبح کے وقت اچانک بادل آئے، تیز ہوائیں چلیں، جس کے بعد مختلف علاقوں میں رم جھم نے موسم حسین ہوگیا، ہر چیز دھل کر نکھر گئی، شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا، بچوں کی خوشی بھی دیدنی تھی۔

زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ اور کچلاک سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے بلوچستان سے شروع ہونے والا سلسلہ جمعے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ خیبر پختونخوا، اسلام آباد، لاہور، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسیں گے لیکن کراچی میں گرمی ابھی جانیوالی نہیں، آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، پارہ 35 سے 38 تک جائے گا۔
 

Advertisement