لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش، گرمی کی پیش قدمی رک گئی

Last Updated On 20 April,2018 02:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رم جھم نے موسم حسین بنا دیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں رات بھر جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے گرمی کی پیش قدمی رک گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں صبح چھ بجے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

ہزارہ، پشاور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈ نگ کا خدشہ اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ ہفتہ کو ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور اسکے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

گزشتہ روز بالائی خیبرپختونخوا، فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، کوئٹہ، قلات ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں 37 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
 

Advertisement