اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابات 2018 کے لیے الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول ریٹرننگ افسران کے دفاتر کے باہر چسپاں کروا دیئے ،عوام کو انتخابات میں حصہ لینے کی باضابطہ دعوت دے دی گئی۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے ریٹرننگ افسران نے متعلقہ حلقوں کی عوام کو الیکشن 2018 میں حصہ لینے کی باضابطہ دعوت دیدی، اپنے دفاتر کے باہر عوام کی آگاہی کے لیے نوٹس لگا دیئے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے حلقوں میں کاغذات نامزدگی کل سے وصول کئے جائیں گے، کاغذات نامزدگی 2 سے 6 جون تک صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے جمع کرائے جا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 جون کو شائع ہو گی۔
امیدواران کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائے گی، امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف 19 جون تک اپیلیں دائر سکیں گے۔ ٹریبیونلز ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کو 26 جون تک نمٹائیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو شائع کی جائے گی۔ امیدوار کاغذات 28 جون کو واپس لے سکیں گے، 29 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔