اسلام آباد: (دنیا نیوز) کاغذات نامزدگی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف فوری اپیل دائر کی جائے، نگران وزیراعظم کی ہدایت، فیصلے کیخلاف اپیل کا مقصد انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہے۔
کاغذات نامزدگی کالعدم قرار دینے کا معاملہ، نگران وزیراعظم ناصر الملک نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اٹارنی جنرل آفس کو فوری طور پر اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ فیصلے کے خلاف اپیل کا مقصد آئندہ الیکشن کا اپنی مقررہ مدت پر انعقاد یقینی بنانا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات کے لیے ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے تیار کردہ کاغذات نامزدگی کو کالعدم قراردے دیا تھا۔ عدالت نے پارلیمنٹ کے تیار کردہ کاغذات نامزدگی کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تقاضے دوبارہ شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔