اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں ابہام، الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی اور حلقہ بندیاں کالعدم قرار دینے پر آج سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کیلئے پٹیشن تیار کرلی ہے۔ جو کہ آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی جائے گی اور الیکشن کمیشن کے وکیل خود لاہور رجسٹری میں پیش ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے بھی بلوچستان اور لاہور ہائی کورٹس کے فیصلوں کیخلاف پٹیشن دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تیار کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی فارم کالعدم قرار دینے سے متعلق لاہور ہائیکور ٹ کے فیصلے میں ابہام ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نیا نامزدگی فارم بنانے کی تو ہدایت کردی ہے مگر فیصلے میں نامزدگی فارم سے متعلق الیکشن ایکٹ کی شقیں بحال رکھی گئی ہیں۔ الیکشن ایکٹ میں کاغذات نامزدگی کی موجودگی تک الیکشن کمیشن نیا فارم نہیں بنا سکتا۔
دوسری جانب بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے کوئٹہ کی حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دینے سے الیکشن تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، لٰہذا یہ فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔