اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے لئے امیدواروں نے اپنے اپنے حلقے چن لئے، کس حلقے میں کون کس پر بھاری ہوگا ؟ ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کی وصولی جاری ہے۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے این اے 213 سے نامزدگی فارم حاصل کر لیا، بلاول بھٹو نےاین اے 246 سے دو کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ نصرت سحر عباسی نے خورشید شاہ کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:بلاول اور آصفہ بھٹو نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے این اے 54 سے کاعذات نامزدگی وصول کیے۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، پرویز خٹک نے این اے 25، پی کے 61 اور پی کے 64 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔
دوسری جانب آئندہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی 4 سے 8 جون تک حاصل اورجمع کرائے جائیں گے، کاغذات نامزدگی اردو اورانگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں۔
قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکورٹی فیس 30 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے، ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے صبح 8 بجے سے دن 4 بجے تک حاصل کیے جا سکیں گے، اسلام آباد کے 3 حلقوں کیلئے کاغذات ایف 8 کچہری میں آر اوز کے پاس جمع کروائے جاسکتے ہیں، اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر، این اے 53 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج عدنان اور این اے 54 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفار ریٹرننگ افسران مقرر ہیں۔